ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل بلدیہ وفد کی ڈی سی سے ملاقات۔نئے ڈرینیج منصوبے اور غوثیہ اسٹریٹ پلانٹ کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ

بھٹکل بلدیہ وفد کی ڈی سی سے ملاقات۔نئے ڈرینیج منصوبے اور غوثیہ اسٹریٹ پلانٹ کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ

Thu, 02 Nov 2017 19:52:57    S.O. News Service

بھٹکل، 2؍نومبر(ایس او نیوز)بھٹکل میں انڈر گراونڈ ڈرینیج اور غوثیہ اسٹریٹ میں واقع ٹریٹمنٹ پلانٹ کی ناکامی سے پید اہونے والے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں مجلس اصلاح و تنظیم اور بلدیہ کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر نے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ یو جی ڈی سے متعلقہ مسائل کو جلد سے جلد حل کیا جائے۔

بلدیہ صدر جناب صادق مٹا کی قیادت میں وفد کی طرف سے ڈی سی کو دیے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ بھٹکل میں 200کروڑ روپیوں  کا جو نیا یوجی ڈی (انڈر گرائونڈ ڈرینیج)  کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے اس میں کہیں بھی کانکریٹ کے چیمبر ز بنانے کی بات نہیں ہے جبکہ سابقہ منصوبے میں کانکریٹ چیمبرز نہ ہونے کی وجہ سے جو مشکلات پیش آئی ہیں اور بھٹکل کے مختلف علاقوں میں گھروں کے کنوؤں میں گندا پانی رسنے کی وجہ سے جومسائل کھڑے ہوگئے ہیں ان کو ابھی تک حل نہیں کیا جاسکا ہے ۔ اس لئے نئے منصوبے میں تمام چیمبرز کانکریٹ کے بنائے جائیں۔

اس کے علاوہ ڈی سی کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی گئی ہے کہ غوثیہ اسٹریٹ میں موجود ٹریٹمنٹ پلانٹ کی ناکامی کا مشاہدہ انہوں نے خود کیا ہے ، اس لیے اس کا متبادل انتظام کرنے کے اقدامات جلد سے جلد کیے جائیں۔ 

ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے لیے جانے والے وفد میں بلدیہ صدر مٹا صادق کے علاوہ اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمین جناب عبدالرحیم، نائب صدر کے ایم اشفاق صاحب، کونسلر محی الدین الطاف کھروری، تنظیم نائب صدر  عنایت اللہ شاہ بندری، جالی پنچایت رکن جناب ایڈوکیٹ عمران لنکا وغیرہ شامل تھے۔

کاروار میں اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکھول سے ملاقات اور میمورنڈم پیش کئے جانے کی وڈیو کلپ ذیل میں دی جارہی ہے؛ کلپ میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل ٹائون میونسپل کونسل کے صدر محمد صادق مٹا کا بیان بھی شامل ہے:

 


Share: